سوال نمبر 1: ستر عورت کا کیا مطلب ہے؟
جواب :ستر عورت کے معنی ہیں بدن کا وہ حصہ چھپانا جس کا چھپانا فرض ہے۔
سوال نمبر 2: مرد عورت کے بدن کا وہ کون سے حصہ ہے جسے عورت کہتے ہیں اور اس کا چھپانا فرض ہے؟
جواب :مرد کے ناف کے نیچے سے گھٹنوں کے نیچے تک ہے ۔ ناف اس میں داخل نہیں اور گھٹنے داخل ہیں اور آزاد عورتوں کے لیے سارا بدن عورت ہے سوا منہ کی ٹکلی اور ہتھیلیوں اور پاؤں کے تلووں کے سر کے لٹکتے ہوئے بال اور عورت کی گردن اور کلائیایں بھی عورت ہیں اور ان کا چھپانا بھی فرض ہے اور عورت کا چہرہ اگر چہ عورت نہیں مگر اسے غیروں کے سامنے کھولنا منع ہے۔
سوال نمبر 3: اگر ستر کا کوئی حصہ کھل جائے تو نماز ہوگی یا نہیں؟
جواب :جن اعضاء کا ستر فرض ہے ان میں کوئی عضو چوتھائی سے کم کھل گیا تو نماز ہو گئی اور اگر چوتھائی عضو کھل گیا اور فوراً چھپالیا جب بھی ہوگئی اور اگر تین بارسبحان اللہ کہنے کی مقدار کھلا رہا یا جن بوجھ کر کھولا، اگرچہ فوراً چھپالیا تو نماز جاتی رہی۔
سوال نمبر 4: اگر کوئی شخص اندھیر میں ہو اور ننگا نماز پڑھ لے تو کیا حکم ہے؟
جواب :اگر اندھیر ے مکان میں نماز پڑھی اگرچہ وہاں کوئی نہ ہو اور اس کے پاس اتنا پاک کپڑا موجود ہے کہ ستر کا کام دے اور ننگے پڑھی تو نماز نہ ہوگی۔ آدمی اندھیر میں ہو یا اجالے میں نماز میںتو ستر بالا اجماع فرض ہے۔
سوال نمبر 5: کیا نماز کے علاوہ تنہائی میں بھی ستر واجب ہے؟
جواب :ستر ہر حال میں فرض ہے خواہ نماز میںہو یا نہیں ، تنہا ہو یا کسی کے سامنے بلا کسی صحیح غرض تنہائی میں بھی کھولناجائز نہیں۔
سوال نمبر 6: اگر کسی کے پاس بالکل کپڑا نہ ہو تو کیا کرے؟
جواب :ایسا شخص اگر ٹاٹ بچھو وغیرہ یا گھاس یا پتوں سے ستر عورت کر سکتا ہے تو یہی کرے، نماز ننگانہ پڑھے اور اگر یہ بھی نہ ہوسکے تو نماز بیٹھ کر پڑھے ، دن میںہو یا رات ، گھر میں ہو یا میدان میں، لیکن اس حالت میں بیٹھ کر نماز پڑھنا اور رکوع و سجود کے لیے ارشارہ کرنا اس کے لیے بہتر ہے ، خواہ ویسے بیٹھے جیسے نماز میں بیٹھتے ہیں یا پاؤں پھیلا کر اور عورت غلیظہ پر ہاتھ رکھ کر ۔ پیشاب پاخانہ کے مقام کو عورت غلیظہ کہتے ہیں۔
سوال نمبر 7: برہنہ (ننگا) آدمی ریشمی کپڑا استعمال کر سکتا ہے یانہیں؟
جواب :اگر کسی کے پاس ستر کے لیے جائز کپڑا نہ ہو اور ریشمی کپڑا ہے تو فرض ہے کہ اسی سے ستر عورت کرے اور اسی میں نماز پڑھے۔ البتہ اور کپڑا ہوتے ہوئے مرد کو ریشمی کپڑا پہننا حرام ہے اور اس میں نماز پڑھنا مکروئہ تحریمی ہے۔
سوال نمبر 8 : باریک کپڑا ستر عورت کے کام آسکتا ہے یا نہیں؟
جواب :اتنا باریک کپڑا جس سے بدن چمکتا ہو ستر عورت کے لیے کافی نہیں، اس سے نماز پڑھی تو نہ ہوگی۔ اور ایسا باریک کپڑا پہننا جس سے ستر عورت نہ ہو سکے علاوہ نماز کے بھی حرام ہے۔ بعض لوگ باریک ساڑھیاں اور تہ بند وغیرہ باندھ کر نماز پڑھتے ہیں کہ ران چمکتی ہے ان کی نمازیں نہیں ہوتی ہیں۔ اس طرح جس دو پٹے سے بالوں کہ سیاہی چمکے اسے اوڑھ کر عورت کی نماز نہیں ہو سکتی۔