جواب :جس نے ایمان کی حالت میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھاہو اور ایمان پر اس کی وفات ہوئی ہو۔ اسے صحابی کہتے ہیں۔ انھیں میں مہاجر و انصار ہیں۔
سوال نمبر 2: صحابہ میں مہاجر کون سے صحابہ کہلاتے ہیں؟
جواب :جو صحابہ مکہ معظمہ سے اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں اپنا گھر بار چھوڑ کر مدینہ طیبہ ہجرت کر گئے ان کو مہاجرین صحابہ کہا جاتا ہے۔
سوال نمبر 3: صحابہ میں انصار کو نسے صحابہ ہیں؟
جواب :مدینہ منورہ کے وہ صحابہ کرام جھنوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور مہاجرین کرام کی مدد نصر ت کی وہ انصار کرام کہلاتے ہیں۔
سوال نمبر 4: صحا بۂ کرام کے متعلق ہمارا کیا عقیدہ ہونا چاہیے ؟
جواب :تمام صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم آقائے دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے جاں نثار اور سچے غلام ہیں۔ ان کا جب ذکر کیا جائے تو خیر ہی کے ساتھ ہونا فرض ہے۔ تمام صحابہ کرام جنتی ہیں۔ وہ جہنم کی بھنک نہ سنیں گے۔ اور ہمیشہ اپنی من مانتی مرادوں میں رہیں گے۔ قیامت کی سب سے بڑی گھبراہٹ انھیں غمگین نہ کرے گی۔ فرشتے ان کا استقبال کریں گے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہر صحابی کی یہ شان قرآن عظیم ارشاد فرماتا ہے۔ تو صحابہ کرام میں سے کسی کی کسی بات پر گرفت اللہ و رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف ہے اور کوئی ولی کتنے ہی بڑے مرتبہ کا ہو کسی صحابی کے رتبہ کو نہیں پہنچتا۔ ان میں سے کسی کی شان میں گستاخی یا کسی کے ساتھ بد عقید گی، گمراہی ہے اور ایسا شخص جہنم کا مستحق ہے۔
سوال نمبر 5: تمام صحابہ کرام میں افضل کون سے صحابہ ہیں؟
جواب :انبیاء و مرسلین کے بعد خدا کی ساری مخلوق سے افضل صدیق اکبر ہیں ، پھر فاروق اعظم، پھر عثمان غنی، پھر مولےٰ علی رضی اللہ عنہم یہ حضرات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات شریف کے بعد آپ کے خلفیہ ہوئے۔
سوال نمبر 6: خلیفہ ہونے کا کیا مطلب ہے؟
جواب :حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا قائم مقام جو مسلمانوں کے تمام دینی اور دنیاوی کاموں کو شریعت مطہرہ کے موافق انجام دے اور جائز کام میں اس کی فرمانبرداری مسلمانوں پر فرض ہو اسے خلیفہ رسول کہا جاتا ہے۔
سوال نمبر 7: حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد سب سے پہلا خلیفہ کون ہوا؟
جواب :حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد تمام مسلمانوں کے اتفاق سے خلیفہ برحق حضرت سیدنا ابو بکر صدیق ہوئے۔ اسی لیے یہ خلیفہ اول کہلاتے ہیں، ان کے بعد حضرت سیدناعمر فاروق اعظم دوسرے خلیفہ ہوئے، ان کی شہادت کے بعد حضرت عثمان غنی تیسرے خلیفہ ہوئے۔ ان کے بعد حضرت مولا علی مشکل کشا چوتھے خلیفہ ہوئے۔ پھر چھ مہینے کے لیے حضرت امام حسن خلیفہ ہوئے۔ ان حضرات کو خلفاء راشدین اوران کی خلافت کو خلاف راشدہ کہتے ہیں کہ انہوںنے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی نیابت (قائم مقامی) کی پورا حق ادا فرمایا۔ رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین
سوال نمبر 8: خلفاء راشدین کے بعد افضل کون ہے؟
جواب :خلفاء اربعہ (چار خلیفہ) کے بعد حضرت طلحہ اور حضر زبیر اور حضرت عبدالرحمن بن عوف اور حضرت سعد بن ابی وقاص اور حضرت سعید بن زید اور حضرت ابو عبیدہ بن الجراح کو فضیلت حاصل ہے ، رضی اللہ تعالیٰ عنہم۔
سوال نمبر 9: عشرہ مبشر ہ کون سے صحابہ ہیں؟
جواب :اوپر والے چھ صحابہ اور چار خلفاء مل کر دس تن ہوئے۔ یہ دسوں عشرہ مبشرہ کہلاتے ہیں یعنی وہ دس اصحاب جن کے بہشتی ہونے کی خبر دنیا میں دے دی گئی لہٰذا یہ دسوں اصحاب قطعی جنتی ہیں۔
سوال نمبر 10: ان کے سوا اور کون قطعی جنتی ہے؟
جواب :ام المومنین حضرت خدیجہ الکبرٰی اور ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ اور حضرت بی بی فاطمہ زہرا اور ان کے دونوں صاحبزادے حضرت اما م حسن اور حضرت امام حسین اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے دو چچا حضرت حمزہ اور حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہا اور وہ صحابہ کرام جو میدان بدر میں پہنچے اوروہ جنھوں نے بعیت رضوان کی (یعنی اصحاب بدرواصحاب بعیت الرضوان) کے حق میں بھی جنت کی بشارتیں ہیں اور یہ سب قطعی جنتی ہیں۔
سوال نمبر 11: حضرت امیر معاویہ کون ہیں؟
جواب :حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی صحابی ہیں اور شاہان اسلام میں پہلے بادشاہ امیر معاویہ کی بادشاہی اگرچہ سلطنت ہے مگر کس کی حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی۔ خود سید نا اما م حسن نے خلافت امیر معاویہ کے سپرد کر دی اور ان کے ہاتھ پر بعیت فرمالی۔ ان کی یا ان کے والد ماجد حضرت ابو سفیان یا والدہ ماجدہ حضرت ہندہ کی شان میں گستاخی کرنا سخت بے ادبی اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو ایذا دینا ہے اس لیے کہ یہ سب صحابی ہیں۔
سوال نمبر 12: خلافت راشدہ کب تک رہی؟
جواب :خلافت راشدہ تیس برس تک رہی جیسا کہ خود حضورپر نور صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان مبارک تھا۔ یہ خلافت راشدہ امام حسن کے چھ مہینے پر ختم ہو گئی۔ پھر حضرت عمر بن عبدالعزیز رضی اللہ تعالیٰ عنہ، کی خلافت، خلافت راشدہ ہوئی اور آخر زمانہ میںحضرت سیدنا امام مہدی رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہوں گے جن کی خلافت ، خلافت راشدہ ہوگئی۔
سوال نمبر 13: تابعین کن لوگوں کو کہا جاتا ہے؟
جواب :حضور پر نور صلی اللہ علیہ وسلم کی امت مرحومہ کے وہ مسلمان جو صحابہ کرام کی صحبت میں رہے انھیں تابعین کہا جاتا ہے۔ اور وہ مسلمان جو ان تابعین کی صحبت میں رہے وہ تبع تابعین کہلاتے ہیں۔ امت محمدیہ میں صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے بعد تمام امت سے تابعین افضل و بہتر ہیں اور ان کے بعد تبع تابعین کے مرتبہ ہے۔