جواب :قرآن مجید اللہ کا کلام ہے جو اس نے سب سے افضل رسول حضرت محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل کیا اس میں جو کچھ بھی لکھا ہے ا س پر ایمان لانا ضروری ہے۔
سوال نمبر2:یہ کیسے معلوم ہوا کہ قرآن مجید خدا کا کلام ہے؟
جواب :قرآن مجید کتاب اللہ (خدا کا کلام) ہونے پر اپنے آپ دلیل ہے کہ خد اعلان کے ساتھ کہہ رہا ہے کہ ’’ اگر تم کو اس کتاب میں جو ہم نے اپنے سب سے خاص بندے (محمد صلی اللہ علیہ وسلم ) پر اتاری، کوئی شک ہو تو اس کی مثل (یعنی اس جیسی) کوئی چھوٹی سے سورت کہہ لاؤ‘‘ لہٰذا کافروں نے اس کے مقابلہ میں جی توڑ کوششیں کیں‘‘۔ اس کے مثل سورت تو کیا ایک آیت نہ بناسکے اور نہ بنا سکیں گے۔
سوال نمبر3:قرآن عظیم میں اللہ تعالیٰ نے کیا خاص بات رکھی ہے؟
جواب :اگلی کتابیں صرف نبیوں ہی کو یاد ہوتیں لیکن یہ قرآن عظیم کا معجزہ ہے کہ مسلمانوں کا بچہ بچہ اسے یاد کر لیتا ہے۔
سوال نمبر4:قرآن عظیم کتنے عرصہ میں نازل ہوا؟
جواب :تےئیس سال کی مدت میں پورا قرآن مجید نازل ہوا۔ قرآن کریم کی سورتیں اور آئتیں ضرورت کے مطابق ایک ایک دو دو کرکے اترتی تھیں۔
سوال نمبر5:قرآن مجید پڑھنے میں کتنا ثواب ملتا ہے؟
جواب :ہمارے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص کتاب اللہ کا ایک حرف پڑھے گا۔ اس کو ایک نیکی ملے گی جو دس نیکیوں کے برابر ہوگی۔ میں یہ نہیں کہتا کہ الم ایک حرف ہے بلکہ الف ایک حرف ہے، لام دوسرا حرف اور میم تیسرا حرف ہے۔
سوال نمبر6:جو شخص قرآن عظیم پڑھنا نہ سیکھے وہ کیسا ہے؟
جواب :ہمارے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس کے سینہ میں کچھ قرآن نہیں وہ ویران مکان کی طرح ہے۔
سوال نمبر7:قرآن شریف پڑھنے کے آداب کیا ہیں؟
جواب :سنت یہ ہے کہ قرآن کریم کی تلاوت پاک جگہ میں ہو اور مسجد میں زیادہ بہتر ہے تلاوت کرنے والے کو چاہیے کہ قبلہ رو (یعنی قبلہ کی طرف منہ کرکے) بیٹھے اور نہایت عاجزی اور انکساری سے سرجھکا کر اطمینان سے ٹھہر ٹھہر کر پڑھے، پڑھنے سے پہلے منہ کو خوب صاف کر لے کہ بدبو باقی نہ رہے۔ قرآن شریف کو اونچے تکیہ یا رحل پر رکھے اور تلاوت سے پہلے اعوذ باللہ اور بسم اللہ پڑھ لے۔ بلا وضو قرآن کو ہاتھ لگانا گناہ ہے اورسننے والا خاموش اور دل لگا کر سنے۔
سوال نمبر 8ُُُُُ : قرآن کریم پڑھنے کے قابل نہ رہنے تو کیا کرنا چاہیے؟
جواب :قرآن کریم جب پرانا بوسیدہ ہو جائے اور اس کے ورق اِدھر اُدھر ہو جانے کا خوف ہو اور وہ تلاوت کے قابل نہ رہے تو کسی پاک کپڑے میں لپیٹ کر احتیاط کی جگہ دفن کر دیا جائے کہ وہاں کی کسی کا پیر نہ پڑے اور دفن کرنے میں بھی لحد بنائی جائے تاکہ اس پر مٹی نہ پڑھے۔
سوال نمبر 9: کیا صحیح قرآن شریف آج کل ملتا ہے؟
جواب :جی ہاں قرآن شریف ہر جگہ صحیح ملتا ہے اس میں ایک حرف کی بھی فرق نہیں ہو سکتا اس لیے کہ اس کا نگہبان اللہ تعالیٰ ہے۔
سوال نمبر10: قرآن شریف کس لیے آیا؟
جواب :اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کی صحیح رہنمائی کیلئے قرآن عظیم اتارا تاکہ بندے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کو جانیں، اللہ تعالیٰ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احکام کو پہچانیں، ان کی مرضی کے موافق کام کریں اور ان کاموں سے بچیں جو اللہ تعالیٰ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو پسند نہیں۔