سوال نمبر1: اذان کسے کہتے ہیں ؟
جواب :ہر نماز کا وقت آنے پر نماز کے لیے ایک خاص قسم کا اعلان (بلاوا) کیا جاتا ہے۔ تاکہ نماز ی آدمی مسجد میں آکر نماز پڑھنے کی تیاری کریں، اسے اذان کہتے ہیں۔
سوال نمبر2: کیا اذان کے لیے کچھ الفاظ مقرر ہیں؟
جواب :ہاں اذان کے الفاظ مقرر ہیں اور وہ یہ ہیں:
اللہ اکبر، اللہ اکبر ، اللہ اکبر، اللہ اکبر، اشھد ان لا الہ الا اللہ ، اشھد ان لا الہ الا اللہ ، اشھد ان محمدا رسول اللہ اشھد ان محمدا رسول اللہ ، حی علی الصلوٰۃ حی علی الصلوٰۃ حی علی الفلاح حی علی الفلاح اللہ اکبر اللہ اکبر، لا الہ الا اللہ۔
ترجمہ: اللہ بہت بڑا ہے بہت بڑا ہے اللہ بہت بڑا ہے بہت بڑا ہے ، میں گواہی دیتا ہو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں میں گواہی دیتا ہو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد اللہ کے رسول ہیں میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد اللہ کے رسول ہیں نماز کے لیے آؤ نماز کے لیے آؤ۔ بھلائی کی طرف آؤ نماز کے لیے آؤ، اللہ بہت بڑا ہے اللہ بہت بڑا ہے اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔
سوال نمبر3:کیا ہر وقت کی نماز کیلئے یہی کلمے کہے جاتے ہیں؟
جواب : صرف صبح کی اذان میں ’’حی علی الفلاح ط‘‘ کے بعد دو مرتبہ یہ کلمے بھی کہے جاتے ہیں ’’ الصلٰوۃ خیر من النوم‘‘(نماز نیند سے بہتر ہے) ۔
سوال نمبر4:اذان کس طرح کہی جاتی ہے؟
جواب : اذان کہنے والا باوضو قبلہ کی طرف منہ کرکے مسجد سے باہر بلند جگہ پر کھڑے ہو کر کانوں کے سوراخ میں شہادت کی انگلیاں ڈال کر اذان کے کلمات بلند آواز سے ٹھہر ٹھہر کر کہے تاکہ دوسروں کو خوب سنائی دے اور ’حی علی الصلٰوۃ ط‘‘ داہنی طرف منہ کرکے اور ’’حی علی الفلاح‘‘بائیں طرف منہ کرکے کہیے۔
سوال نمبر5:اذان کہنے والے کو کیا کہتے ہیں؟
جواب : اذان کہنے والے کو موذن کہا جاتا ہے۔
سوال نمبر6:اذان سننے والا کیا کرے؟
جواب :جب اذان ہو تو اتنی دیر کے لیے سلام کلام اور سارے کام یہاں تک کہ قرآن کی تلاوت بند کر دے۔ اذان کو غور سے سنے اور جواب دے۔ جو اذان کے وقت باتوں میں لگا رہے اس پر معاذ اللہ خاتمہ برا ہونے کا خوف ہے۔
سوال نمبر7:اذان کا جواب کیا ہے؟
جواب : موذن جو کلمہ کہے اس کا بعد سننے والا بھی وہی کلمہ کہے۔ مگر الصلٰوۃ خیر من النوم حی علی الفلاح کے جواب میںلا حول ولا قوۃ الا باللہ کہے۔
سوال نمبر8:اذان میں حضور کا نام سنے تو کیا کرے؟
جواب : جب موذن اشھد ان محمد ا رسول اللہ طکہے تو سننے والا درود شریف پڑھے اور بہتر ہے کہ انگوٹھوں کو چوم کر آنکھوں سے لگا لے اور کہے:
قرۃ عینی بک یا رسواللہ الھم متعنی باسمع والبصرطیا رسول اللہ میری آنکھوں کی ٹھنڈک حضور سے ہے۔ الہٰی مجھے سننے اور دیکھنے سے فائدہ پہنچا۔
سوال نمبر9:الصلٰوۃ خیر من النوم طسن کر کیا کہنا چاہیے؟
جواب : صدقت و بررت و بالحق نطقت۔
سوال نمبر10:اذان کے ختم ہونے پر کونسی دعا پڑھی جاتی ہے ؟
جواب : جب اذان ختم ہو جائے تو موذن اور اذان سننے والے درود شریف پڑھیں۔ اس کے بعد یہ دعا پڑھیں: اللھم رب ھٰذہ الدعوۃ التآمۃ والصلٰوۃ القآئمۃ اٰت سید نا محمدن الوسیلۃ والفضیلۃ والدرجۃ الرفیعۃ والبعثہ مقاما محمودان الذی وعدتہ واجعلنا فی شفاعتہٖ یوم القیامۃ انک لا تخلف المیعاد ط
ترجمہ: اے اللہ اس دعائے تام اور برپا ہونے والی نماز کے مالک تو عطا کر ہمارے سردار محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو وسیلہ اور فضیلت اور بلند درجہ اور انھیں مقام محمود میں کھڑا کر جس کا تو نے وعدہ کیا ہے اور ہمیں روز قیامت ان کی شفاعت نصیب کر بے شک تو وعدہ کا خلاف نہیں کرتا۔