سوال نمبر 1: احرام باندھنے سے پہلے کیا احکام ہیں؟جواب :خوب مَل کر نہائیں اور نہ نہاسکیں تو وضو کر یں چاہیں تو سر منڈالیں کہ احرام میں بالوں کی حفاظت سے نجات ملے گی ورنہ گنگھی کرکے خوشبو دار تیل ڈالیں، ناخن کتریں ، خط بنوائیں، موئے بغل و زیرناف دور کریں، خوشبو لگائیں کہ سنت ہے مرد سلے کپڑے اتاردیں، ایک نئی چادر ورنہ دُھلی اوڈھیں اور ایسا ہی ایک تہ بند باندھیں یہ کپڑے سفید بہتر ہیں۔
میقات آجائے تو دور کعت بہ نیتِ احرام پڑھیں پہلی میں فاتحہ کے بعد قل یا ایہا الکافرون اور دوسر ی میں قل ہو اللہ پڑھیں اور بعدسلام حج یا عمرہ کی نیت کریں اور لبیک بآ واز بلند کہیں ، یہ احرام ہے اس کے ہوتے ہی پانبدیاں عائد ہو جاتی ہیں۔
سوال نمبر 2: احرام میں جو باتیں حرام ہیں وہ کون کون سی ہیں؟جواب :احرام کی حالت میں جو کام حرام ہیں وہ یہ ہیں:
۱۔ عورت سے صحبت کرنا بوسہ لینا یا بشہوت ایسے ہی دوسرے کام کرنا۔
۲۔ عورتوں کے سامنے ہیجان انگیز باتیں کرنا۔
۳۔ فحش گناہ ہمیشہ حرام تھے اب او ر سخت حرام ہو گئے۔
۴۔ کسی سے دنیا وہی لڑائی جھگڑا اگرچہ اپنا خادم و ماتحت ہی ہو۔
۵۔ جنگل کا شکار کرنا یا کسی شکاری کی کسی طرح اعانت کرنا۔
۶۔ پرندوں کے انڈ ے توڑنا، پکانا، بھوننا، بیچنا، خریدنا، کھانا یا اسے آزار پہنچانا یا جنگلی جانور کا دودھ دوہنا۔
۷۔ ناخن کترنا یا سر سے پاؤں تک کہیں سے کوئی بال جدا کرنا اور داڑھی مونڈنا یا کترنا اور زیادہ حرام۔
۸۔ منہ یا سر کسی کپڑے وغیرہ سے چھپانا یا بستر یا کپڑوں کی گٹھری وغیرہ سر پر رکھنا۔
۹۔ عمامہ باندھنا، برقع دستانے یا موزے یا جرابیں وغیرہ جو پنڈلی اورقدم کے جوڑ کو چھپائے یا سلاہو ا کپڑ پہننا ، یونہی ٹوپی پہننا۔
۱۰۔ خوشبو بالوں یا بدن یا کپڑوں میں لگانا۔
۱۱۔ ملا گیری یا کسی خوشبو کے رنگے کپڑے پہننا جبکہ ابھی خو شبو دے رہے ہوں۔
۱۲۔ خالص خوشبو ، لونگ، الائچی، دارچینی، زعفران وغیرہ کھانا یا آنچل میں باندھنا ۔
۱۳۔ سر یا داڑھی کسی خوشبو دار یا ایسی چیز سے دھونا جس سے جوئیں مر جائیں۔
۱۴۔ وسمہ یا مہندی کا خضاب لگانا اور سیاہ خضاب ہمیشہ حرام ہے احرام میں اور زیادہ ۔
۵۔ گاند وغیرہ سے بال جمانا۔
۱۶۔ زیتون یا تل کا تیل اگرچہ بے خوشبو ہو بدن یابالوں میں لگانا۔
۱۷۔ کسی کا سر مونڈنا اگرچہ اس کا احرام نہ ہو۔
۱۸۔ جوں مارنا پھینکنا ، کسی کو اس کے مارنے کا اشارہ کرنا۔
۱۹۔ کپڑوں کو جوں مارنے کے لیے دھونا یا دھوپ میں ڈالنا۔
۲۰۔ بالوںمیں پارہ وغیر جوں کے مرنے کو لگانا غرض جوں کے ہلاک پر کسی طرح باعث ہونا۔ (ردالمحتار، فتاویٰ رضویہ وغیرہ)
سوال نمبر 3: احرام میں کون کون سی باتیں مکروہ ہیں؟جواب :احرام میں یہ باتیں مکروہ ہیں:
۱۔ بدن کا میل چھڑانا یا بال یا بدن کھلی یا صابون وغیرہ بے خوشبو کی چیز سے دھونا۔
۲۔ کنگھی کرنا یا اس طرح کھجانا کہ بال ٹوٹے یا جوں گرے۔
۳۔ انگر کھایا چغہ یا کرتا پہننے کی طرح کندھوں پر ڈالنا۔
۴۔ خوشبو کی دھونی دیا ہوا کپڑا کہ ابھی خوشبو دے رہا ہے پہننا یا اوڑھنا۔
۵۔ قصداً خوشبو سونگھنا اگرچہ خوشبو دار پھل یا پتہ ہو جیسے لیموں پودینہ وغیرہ۔
۶۔ سر یا منہ پر پٹی باندھنا یا ناک وغیرہ منہ کا کوئی حصہ کپڑے سے چھپانا۔
۷۔ غلافِ کعبہ کے اندر اس طرح داخل ہونا کہ غلاف شریف سر یا منہ سے لگے۔
۸۔ کوئی ایسی چیز کھانا پینا جس میں خوشبو پڑی ہو اور نہ وہ پکائی گئی ہو نہ زائل ہو گئی ہو۔
۹۔ بے سلا کپڑا رفو کیا ہو ا یا پیوند لگا ہو اپہننا۔
۱۰۔ تکیہ پر منہ رکھ کر اوندھا لیٹنا اور تکیہ سر یا گال کے نیچے رکھا تومکروہ نہیں۔
۱۱۔ مہکتی خوشبو ہاتھ سے چھونا جبکہ ہاتھ میں لگ نہ جائے ورنہ حرام ہے۔
۱۲۔ بازو یا گلے پر تعویز باندھنا اگرچہ بے سلے کپڑے میںلپیٹ کر ہو۔
۱۳۔ بلا عذر بدن پر پٹی باندھنا اور منہ اور سر کے سوا کسی اور جگہ زخم پر پٹی باندھنا جائز ہے۔
۱۴۔ سنگھار کرنا، ہاں آئینہ دیکھنا مکروہ نہیں۔
۱۵۔ چادر اوڑھ کر اس کے آنچلوں میں گرہ دے لینا جبکہ سر کھلا ہو، ورنہ حرام ہے۔
۱۶۔ تہ بند کے دونوں کناروں میں گرہ دینا۔
۱۷۔ تہ بند باندھ کر کمر بند یا رسی سے کسنا۔ (فتاویٰ رضویہ وغیرہ)
سوال نمبر 4: احرام کی حالت میں کون کون سی باتیں جائز ہیں؟جواب :یہ باتیں احرام میں جائز ہیں:
۱۔ انگر کھا، کرتا، چغہ، وغیرہ لپیٹ کر اوپر سے اس طرح ڈالنا لینا کہ سر اور منہ نہ چھپے۔
۲۔ ان چیزوں یا پاجامہ کا تہ بند باندھ لینا یا چادر کے آنچلوں کو تہ بند میں گھسر سنا۔
۳۔ بمیانی یا پتی یا ہتھیار باندھنا۔
۴۔ بے میل چھڑائے پانی میں نہانا ، غوطہ لگانا اگرچہ سر کے اوپر پانی سے سرچھپ جائے۔
۵۔ کپڑے دھونا، جب کہ جوں مارنے کی غرض سے نہ ہو۔
۶۔ مسواک کرنا، انگوٹھی پہننا، بے خوشبو کا سرمہ لگانا۔
۷۔ کسی چیز کے سایہ میں بیٹھنا یا چھتری لگانا۔
۸۔ داڑھ اکھاڑنا، ٹوٹے ہوئے ناخن کو جدا کرنا، آنکھ میں جو بال نکلے اسے جدا کرنا، ختنہ کرنا۔
۹۔ بغیر بال مونڈے پچھنے کرانا، فصد لینا، دنبل یا پھنسی توڑ دینا۔
۱۰۔ سر یا بدن اس طرح آہستہ کھجانا کہ بال نہ ٹوٹے ، جوں نہ گرے۔
۱۱۔ احرام سے پہلے جو خوشبو لگائی تھی اس کا لگا رہنا۔
۱۲۔ پالتو جانور کا ذبح کرنا، پکانا، کھانا اس کا دودھ دوہنا یا انڈے وغیرہ ، توڑنا ، بھوننا ، کھانا۔
۱۳۔ کھانے کے لیے مچھلی کا شکار کرنا یا دوا کے لیے کسی دریائی جانور کا مارنا اور دو ایا غذا کے لیے نہ ہو نری تفریح کے لیے جس طرح لوگوں میں رائج ہے تو شکار دریا کا ہو یا جنگل کا خود ہی حرام ہے اور احرام میں سخت تر حرام۔
۱۴۔ سر یا ناک پر اپنایا دوسرے کا ہاتھ رکھنا۔
۱۵۔ گدی یا کان کپڑے سے چھپانا یا ٹھوڑی کے نیچے داڑھی پر کپڑا آنا۔
۱۶۔ سر پر سینی یا بوری اٹھانا۔
۱۷۔ جس کھانے کے پکنے میں مشک وغیرہ پڑے ہوں اگرچہ خوشبو دیں یا بے پکائے جس میں خوشبو ڈالی اور بو نہیں دیتی اس کا کھانا پینا۔
۱۸۔ کڑواتیل یا ناریل یا کدو کا ہو کا تیل کہ بسایا نہ گیا ہو، بدن یا بالوں میں لگانا۔
۱۹۔ خوشبو کے رنگے کپڑے پہننا جبکہ ان کی خوشبو جاتی رہی ہو مگر کسم کیسر کا رنگ مرد کو ویسے ہی حرام ہے۔
۲۰۔ دین کے لیے لڑنا جھگڑنا بلکہ حسبِ حاجت فرض وواجب ہے۔
۲۱۔ جوتا پہننا جو پاؤں کے جوڑ کو نہ چھپائے یعنی تسمہ کی جگہ نہ چھپے۔
۲۲۔ بے سلے کپڑے میں تعویز لپیٹ کر گلے میں ڈالنا۔
۲۳۔ ایسی خوشبو کا چرما جس میں فی الحال مہک نہیں جیسے اگر لوبان ، صندل یا اس کا آنچل میں باندھنا۔
۲۴۔ نکاح کرنا۔
۲۵۔ بیرون حرم کی گھاس اکھاڑنا یا درخت کاٹنا۔
۲۶۔ چیل ، کّوا، گرگٹ، چھپکلی ، کھٹمل ، سانپ، بچھو ، مچھر، پسو ، مکھی وغیرہ خبیث و موذی جانوروں کا مارنا۔
۲۷۔ جس جانور کو غیر محرم نے شکار کیا اور کسی محرم نے کسی طرح اس میں مدنہ نہ کی اس کا کھانا بشرطیکہ وہ جانور نہ حرم کا ہو نہ حرم میں ذبح کیا گیا ہو ۔ (ردالمحتار، فتاویٰ رضویہ وغیرہ)
سوال نمبر 5: ان احکام میں مرد و عورت برابر ہیں یا کہیں کوئی فرق ہے؟جواب :ان مسائل میں مرد و عورت برابر ہیں مگر عورت کو چند باتیں جائز ہیں:
۱۔ سرچھپانا بلکہ نا محرم اور نماز میں فرض تو سر پر تقجپہ وغیرہ اٹھانا بدرجۂ اولیٰ جائز ۔
۲۔ گوند وغیرہ سے بال جمانا۔
۳۔ سر وغیرہ پر پٹی خواہ بازو یا گلے پر تعویز باندھنا اگرچہ سی کر۔
۴۔ غلافِ کعبہ کے اندریوں داخل ہونا کہ سر پر رہے ، منہ پر نہ آئے۔
۵۔ دستانے ، موزے اور سلے ہوئے کپڑے پہننا۔
۶۔ عورت اتنی آواز سے لبیک نہ کہے کہ نا محرم سنے ہاں اتنی آواز ہر پڑھنے میں ہمیشہ سب کو ضرور ہے کہ اپنے کان تک آواز آسکے۔
تنبیہہ: احرام میں منہ چھپانا عورت کو بھی حرام ہے نامحرم کے آگے کوئی پنکھا وغیر منہ سے بچا ہو سامنے رکھے۔
سوال نمبر 6: احرام کی ناجائز باتیں بلا قصد ہو جائیں تو کیا حکم ہے؟جواب :جو باتیں احرام میں ناجائز و حرام ہیں وہ اگر کسی عذر سے یا بھول کو ہوں تو گناہ نہیں مگر ان پر جو جرمانہ مقرر ہے ہر طرح دینا آئے گا اگرچہ بے قصد ہوں یا سہواً یا جبر آیا سوتے میں، علم ووقفیت کے ساتھ ہوں یا لاعلمی میںہوش میں ہوں یا بیہوشی میں (فتاویٰ رضویہ وغیرہ)