سوال نمبر1:نماز کیا ہے؟
جواب :ہر دن رات میں پانچ مرتبہ خدا کی عبادت کا وہ خاص طریقہ جسے مسلمان ادا کرتے ہیں نماز کہلاتا ہے۔ یہ طریقہ مسلمانوں کو خدا اور رسول نے قرآن و حدیث میں سکھا یا ہے۔
سوال نمبر2:نماز کس پر فرض ہے؟
جواب :ہر سمجھ بوجھ والے بالغ مرد اور عورت پر نماز فرض ہے۔ اور جو اسے فرض نہ جانے کافر ہے۔
سوال نمبر3:کیا بچوں پر بھی نماز فرض ہے؟
جواب :نابالغ لڑکے اور لڑکی پر اگرچہ نماز پڑھنا فرض نہیں ۔ مگر بچہ کی جب سات برس کی عمر ہو تو اسے نماز پڑھنا سکھایا جائے۔ اور جب دس برس کا ہوجائے تو مار کر پڑھوانی چاہیے۔
سوال نمبر4:نماز کی کچھ فضیلتیں بیان کرو ؟
جواب :اللہ تعالیٰ کے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مسلمان بندہ جب اللہ تعالیٰ کے لیے نماز پڑھتا ہے تو اس سے گناہ ایسے گرتے ہیں جیسے پت جھڑ کے موسم میں درخت کے پتے ، اور بندہ جب نماز کے لیے کھڑا ہوتا ہے ، اس کے لیے جنتوں کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں۔ نماز جنت کی کنجی ہے۔ نماز دین کا ستون ہے جس نے اسے قائم رکھا اس نے دین کو قائم رکھا اور جس نے اسے چھوڑ دیا۔ اس نے دین کو ڈھا دیا، اور قرآن شریف میں ہے کہ نماز آدمی کو بری باتوں اور بے حیائی کے کاموں سے روکتی ہے، غرض نمازی آدمی اللہ تعالیٰ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا پیارا ہوتا ہے۔ اس کے رزق میں، کاروبار میں، عمر اور ایمان میں نماز کے باعث ترقی ہوتی ہے۔
سوال نمبر5:جو شخص نماز نہ پڑھے وہ کیسا ہے؟
جواب :رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس نے نماز جان بوجھ کر چھوڑی اس کا نام دوزخ کے دروازے پر لکھ دیا جاتا ہے۔ خدا اور رسول اس سے بیزار ہیں اور جو شخص نماز کا پابند نہیں ہو قیامت کے دن فرعون کے ساتھ ہوگا۔
سوال نمبر6:اس زمانہ میں بے نمازی کو کیا سزا دی جائے؟
جواب :بے نمازی کے ساتھ کھانا پینا، بات چیت ، میل جول، سلام وغیرہ چھوڑ دیں، حقہ پانی بند کر دیں، کیا عجب کہ وہ اس ڈر سے نماز کا پابند ہو جائے۔
سوال نمبر7:آدمی کس عمر میں بالغ ہو جاتا ہے؟
جواب :لڑکا ہو یا لڑکی دونوں پورے پندرہ برس کی عمر ہو جانے پر اسلام کے قانون میں بالغ مان لیے جاتے ہیں اور نماز روزہ وغیرہ ان پر فرض ہو جاتا ہے۔ شریعت کے احکام ان پر جاری ہو جاتے ہیں۔